حیدرآباد؛لمس کیجانب سے  پریل شاہ گاؤں ، نزد ارازی، تحصیل سہون میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

55

حیدرآباد، 22  جنوری (اے پی پی): لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی ہدایت پر لمس کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ پریل شاہ گاؤں ، نزد ارازی، تحصیل سہون میں منعقد کیا گیا، کیمپ میں 40 کے قریب کنسلٹنٹس، ڈاکٹروں اور لمس کے عملے نے مختلف شعبوں سے حصہ لیا، جن میں پروفیسر مظفر علی شیخ،پروفیسر خالدہ ناز میمن،پروفیسر منظور علی لاکیر،پروفیسر مشتاق علی میمن، ڈاکٹر کاشف شیخ،ڈاکٹر مشتاق شاہ،ڈاکٹر حافظ بشیر،ڈاکٹر کنول عباس بھٹی،ڈاکٹرشازیہ راجپر،ڈاکٹر گلزار عثمان  اور فزیشنز، پیڈیاٹریشنز، کارڈیالوجسٹ، نیورو فزیشن، ENT ماہرین، اینڈو کرائنولوجسٹ، جلد کے ماہرین، کمیونٹی ڈینٹسٹری اور پبلک ہیلتھ پروفیشنلز شامل تھے۔

 کیمپ میں  مریضوں کا مفت چیک اپ، مختلف قسم کے مفت ٹیسٹ اور فری ادویات دی گئیں۔ اس موقع پر صحت کے متعلق آگاہی بھی دی گئی جس میں بیماریوں سے بچاؤ، حفاظتی ٹیکہ جات، ماں اور بچے کی صحت، صفائی ستھرائی اور کورونا وائرس اور ویکسین کے متعلق عوام الناس کو طبی ہدایات دی گئیں۔

 بعد ازاں پینے کے پانی کی ٹیسٹنگ بھی لمس واٹر لیبارٹری کی طرف سے کی گئی۔ کیمپ کے متعلق لمس ایف ایم ریڈیو پر پروگرام بھی نشر کیے گئے۔

عوام کی ایک بڑی تعداد نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ یہ ایک نیک امر اور صدقہ جاریہ کا کام ہے اور اس سے غریب عوام کی خدمت کر کے اللہ تعالی کی قربت نصیب ہوتی ہے۔ شام گئے تک کیمپ میں سینکڑوں کی تعداد سے مریضوں نے استفادہ حاصل کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ لمس آئندہ بھی  علاقے کی محرومیوں کا سدباب کرنے کے ساتھ ساتھ  غریب عوام کی خدمات پر مبنی پروگرام منعقد کرے گی جس سے غریب عوام صحت مند زندگی کی طرف گامزن ہوں گے۔

اس میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد ضلعی انتظامیہ جامشورو ، عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ سیہون، پی پی ایچ آئی اور ڈی ایچ او جامشورو کے اشتراک سے کیا گیا اور لمس نے مختلف امراض کے ماہرین اور کنسلٹنسی خدمات فراہم کیں۔

سورس: وی این ایس، حیدرآباد