مری  برفباری ؛ سی ٹی او وسیم ریاض ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے مری میں موجود، صرف8000 گاڑیوں کو داخلے کی اجازت

59

مری،22جنوری(اے پی پی):مری میں پھر سے باری کا آغاز ہو گیا ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی وسیم ریاض ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے مری میں موجود ہیں، صبح سے اب تک مری میں 79گاڑیاں داخل جبکہ 35آﺅٹ ہوئیں، مری میں مجموعی طور پر اب تک سیاحوں کی 1170گاڑیاں موجود ہیں۔

اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی وسیم ریاض نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے پیش نظر مری میں سیاحوں کی8000سے زائد گاڑیوں کے داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی، مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کو مد نظر رکھتے ہوئے مری کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ

مسلسل جاری برفباری کے باعث سیاحوں کی حفاظت کےلئے کلڈنہ سے گلیات جانے والے راستہ کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے ،براستہ مری گلیات جانے والے سیاحوں سے گزارش ہے کہ متبادل راستہ اختیار کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ مسلسل چڑھائی اور سلیپری روڈ ہونے کے باعث مسیاڑی لنک روڈ کو بھی عارضی طور پر بند کیا گیا ہے،  مری آنے والے سیاح براستہ لوئر ٹوپہ مری داخل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام داخلی راستوں پر گاڑیوں کی فٹنس اور ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جا رہے ہیں، مکینکلی فٹ اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر وسیم ریاض نے کہاکہ ٹریفک اہلکار ہائی وے مشینری کے ساتھ برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ مری آنے والے سیاح برفباری اورپھسلن کے دوران ٹائر پر چین کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس سخت سردی اور برف باری میں ٹریفک کی روانی کو برقراررکھے ہوئے ہے ۔

سورس: وی این ایس، مری