لاہور، 22 جنوری(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے حلقہ این اے 125 میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کر دئیے، اس موقع پر اہل علاقہ نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکاپھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا اور نعرے لگائے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پرانسدادپولیومہم کے تحت معصوم بچوں کو حفاظتی قطرے بھی پلائے اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے تمام خاندانوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے دس لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت دی ہے،پنجاب کےعوام عمران خان کو دعائیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے پنجاب کے ہزاروں خاندان صحت کی مفت سہولیات حاصل کررہے ہیں، یکم جنوری سے اب تک نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے لاہورڈویژن میں 1200سے زائدافراددل کے آپریشن کرواچکے ہیں، نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے ابھی تک لاہورڈویژن میں افراد12کروڑروپے سے زائد رقم کا دل کا علاج کرواچکے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ یکم جنوری سے اب تک نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے لاہورڈویژن کے 650سے زائدافراد 92لاکھ روپے سے زائدکی رقم کا آنکھوں کا علاج کرواچکے ہیں،پنجاب میں کوروناوائرس کے کیسزمیں اضافہ ہورہاہے،پنجاب کے عوام کو کوروناسے بچاؤ کیلئے ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ 24جنوری سے پنجاب کے نواضلاع میں انسدادپولیومہم شروع کررہے ہیں گزشتہ سال انسدادپولیو کی6 مہمات چلائی گئیں، اللہ پاک کے کرم سے 2021میں پنجاب میں پولیوکاایک بھی کیس منظرعام پر نہیں آیاانشاء اللہ پاکستان جلدپولیوفری ہوجائے گا۔
سورس:وی این ایس، لاہور