گلیات،24 جنوری(اے پی پی):گلیات ڈونگا گلی تا کوزہ گلی لینڈ سلائیڈنگ اور بھاری برف باری کی وجہ سے سڑک کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔حالیہ جاری برف باری کے دوران اب تک ٹوٹل 04 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے جس سے تمام رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات امین الحسن گلیات میں موجود ہیں اور تمام تر سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
جی ڈی اے اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی مشینری برف کی صفائی میں مصروف ہے۔جی ڈی اے کی جانب سے مین مری روڈ کی صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کرنے کا کام جاری ہے جس کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں کی سڑکوں کی صفائی کے کام کو بھی انجام دیا جائے گا۔سیاحوں اور اہلیان گلیات کے لیے گلیات کنٹرول روم 24/7 کام کر رہا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔