ملتان؛ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کا گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کا تفصیلی دورہ، تجاوزات کے مستقل خاتمے کا الٹی میٹم دے دیا

59

ملتان، 25 جنوری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عامر کریم خاں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں  فرنٹ لائن پر آگئے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے   گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کا تفصیلی دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو تجاوزات کے مستقل خاتمے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔عارضی آپریشن کے بجائے تاجر برادری سے ملکر تجاوزات کے مستقل خاتمے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حسین آگاہی اور گھنٹہ گھر چوک پر مستقل انسداد تجاوزات کیمپ قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، آج کے دورے میں تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور یونین کے پلیٹ فارم سے تاجروں کو تجاوزات ختم کرنے کا ٹاسک دیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالسی پر عمل پیرا ہیں شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے ایک انچ پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی قیادت کرینگے۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں سیاسی قیادت شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے ہر اقدام کی حمایت کرینگے۔ندیم قریشی نے تاجر یونین سے اپیل کی وہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن میں تجاوزات کا ازخود خاتمہ کریں بصورت دیگر یک طرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعد ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایم پی اے ندیم قریشی کے ہمراہ تاجر یونین سے بھی ملاقات کی اس موقع پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ پالیسی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔