ملتان، 31 جنوری ( اےپی پی): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سید گروپ کے قائد بیریسٹر سید عابد امام شاہ نے کہا ہے کہ کشمير پاکستان کی شہہ رگ ہے انڈیا نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیروں کو حق خودارادیت دیا جائے کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا انڈیا کے ساتھ مسئلہ کشمیر کا واحد حل استصواب رائے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے اشتراک پاک نیوٹریشن سروسز پاکستان اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان کیمپیس میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا جسکی صدارت ریجنل ڈائریکٹر سپیرئیر گروپ آف کالجز ساوٴتھ پنجاب محمد یاسر طاہر خان نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، ماہر تعلیم و سماجی رہنما پروفیسر اعظم حسین، پروفیسر محمود حسین ڈوگر، سید شوکت شاہ بخاری اور ڈائریکٹر پاک نیوٹری سروسز ملتان ڈاکٹر سید محمد الیاس بخاری شامل تھے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض ریجنل پروجیکٹ منیجر سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان شیخ محمد عادل فاروق اور وائس پرنسپل پروفیسر رضوان الحق نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سید عابد امام نے مزید کہا کہ بھارت کی ہندو توا حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کردیا جن کے تحت کشمیر کو خصوصی اہمیت حاصل تھی اور دنیا کو واضع کردیا کہ بھارت کسی صورت کشمیری مسلمانوں کو ان کے بنیادی حقوق نہیں دے گا لہٰذا اب اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر مسئلہ کشمیر کو حل کروائے۔











