وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع نارووال کی تینوں تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد

59

نارووال،01 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع نارووال کی تینوں تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقادکیا گیا،اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔نارووال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کی سطح پر تحصیل کمپلیکس میں بھی ریونیو خدمت کچہری کاانعقاد کیا گیا،ڈپٹی کمشنر میڈم صبااصغرنے خدمت کچہری میں آنے والے مرد و خواتین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کے لیے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)میڈم جویریہ مقبول ,اسسٹنٹ کمشنرعثمان سکندر،تحصیلدار غلام مصطفی انصاری، نائب تحصیلدار محمد ارشد، شہزادانور،طارق شریف و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور اس کے درست نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدمت کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہری و دیہی سطح پر لوگوں کے ریونیو معاملات سمیت ڈومیسائل کا فوری اجراء و دیگر امور کی انجام دہی کو بر وقت یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہانہ ریونیوخدمت کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اوپن ڈور پالیسی کے تحت بھی روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں لوگوں کی شکایات سن کر ان کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے۔