اوکاڑہ۔1فروری (اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی میں بھیڑیوں کے تحفظ پرسیمینار کا انعقاد،یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے لاورین ہینلے کا بذریعہ ویڈیو لنک خطاب۔ ترجمان اوکاڑہ یونیورسٹی کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زوآلوجی نے پنجاب وائلڈلائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ‘جنوبی ایشیاء میں پائے جانے والے بھیڑیوں کی تاریخ اور ان کے تحفط کے لائحہ عمل، کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا،جس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے لاورین ہینلے نے بذریعہ ویڈیولنک پاکستان میں پائی جانے والے بھیڑیوں کی مختلف اقسام کی ارتقائی نوعیت پر ایک تفصیلی لیکچر دیا۔سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زوآلوجی کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے سیمینار کیلئے بھرپور تعاون فراہم کرنے پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر اور سیکریٹری وائلڈلائف کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈاکٹر حرا فاطمہ کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں خطرے سے دوچار جانوروں پہ تحقیق اور ان کے تحفظ کیلئے اوکاڑہ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اور پنجاب وائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ کے درمیان اشتراک کیلئے کوشش کریں۔لاورین نے اپنے لیکچر کے دوران بتایا کہ پوری دنیا میں پائی جانے بھیڑیوں کی اقسام پاکستان والی سب سے زیادہ منفرد ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے ایک مربوط لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف، اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ وائلڈ لائف کے سربراہ اور شعبہ زووالوجی کے لیکچرار ڈاکٹر محمد عدنان نے بھی سیمینار کے شرکاء سے بات چیت کی۔











