اسلام آباد،4فروری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سے لیفٹیننٹ کرنل ہاشم اقبال باجوہ کی سربراہی میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے ڈائریکٹنگ سٹاف اور ملٹری بیوروکریسی کورس کے بیس دوست ممالک کے شرکاء پر مشتمل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے49 رکنی وفد نے جمعہ کو یہاں سپریم کورٹ میں ملاقات کی ۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے آئین سے متعلق آگاہ کیا ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے وفد کو پارلیمنٹ، ایگزیکٹوز اور عدلیہ کے کردار اور اہمیت سے متعلق بھی بتایا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے وفد کو عدالتی نظام،عدالتوں کے کام کاج، کردار، انصاف کی فراہمی اور سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں کے آئینی دائرہ اختیار کے بارے میں بھی بتایا ۔ انہوں نے وفد کو آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق سے متعلق بھی آگاہ کیا ۔
چیف جسٹس نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں مسلح افواج بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ افواج پاکستان ملکی قومی مفاد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں جبکہ سیلاب اور زلزلے جیسے خصوصی حالات میں شہریوں اور جمہوری اداروں کی مدد کے لیے بھی پیش پیش رہتی ہیں ۔
اس موقع پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی وفد کو شیلڈ پیش کی ۔











