یوم یکجتی کشمیر؛ملتان میں سیمینار و آگاہی ریلی نکالی گئی

72

ملتان، 05 فروری (اے پی پی): آزادی خواب کی تعبیر کی خاطر،نکلو کشمیر کی خاطر یوم یکجتی کشمیر؛ملتان میں سیمینار و آگاہی ریلی نکالی گئی

شہر اولیاء کی فضاء میں آزادی کشمیر کے نعرے گونج اٹھے، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجتی کشمیر کے سلسلے میں سیمینار و آگاہی ریلی نکالی گئی، کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے صدارت کی، آگاہی ریلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی بھی شریک تھے، سیمینار میں پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ، کشمیری بہنوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پوری قوم اکھٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5فروری بھارتی وحشیانہ چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کرنے کا دن ہے، کشمیر جنت نظیر وادی کو مودی سرکار نے دنیا کی بدترین جیل میں بدل دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا انسانی حقوق کی پامالی کی بھارت نے مکروہ مثال قائم کی ہے، بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا خطے میں امن کیلئے عالمی برادری اپنا کردار  ادا  کرے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیر پا حل چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی اس خطے کے سنگین مسئلے پر خاموشی افسوناک ہے ، شہداء کا خون پکار پکار کر بھارتی ظلم کو بے نقاب کررہا ہے۔

ضلعی محکوموں اور سول سوسائٹی کے اراکین سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،ضلعی حکام اور ایس پی کینٹ حسن افضل بھی آزادی کشمیر کے جذبے سے شریک تھے۔

سورس: وی این ایس، ملتان