وزیر مملکت فرخ حبیب کی شہید کیپٹن ڈاکٹرمحمدبلال خلیل کے گھر آمد، عزیز واقارب سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا

30

فیصل آباد  6  فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب  نوشکی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے وطن عزیز پر قربان ہونیوالے فیصل آباد کے دلیر سپوت کیپٹن ڈاکٹرمحمدبلال خلیل شہید کی رہائش گاہ 619گلی نمبر3 گرین ویو کالونی فیصل آباد گئے جہاں انہوں نے شہید کے والدخلیل احمد،بھائی اسامہ خلیل،بلاول خلیل و دیگر عزیز واقار سے تعزیت اور دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے شہید کی مغفرت و درجات کی بلندی اور پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ ہمت و استقامت سے برداشت کرنے کی توفیق کی دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے ساتھ جنگ کرتے ہوئے شہید ہونے والے قوم کے سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ہمیں اپنے جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ مسلح افواج نے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔اس موقع پر ایم پی اے فردوس رائے بھی ان کے ہمراہ تھیں۔