31 مارچ تک 18 کروڑ پاکستانی قومی صحت کارڈ میں شامل ہو جائیں گے: سی ای او قومی صحت کارڈ

25

لاہور،12 فروری (اے پی پی): چیف آپریٹنگ آفیسر نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ڈاکٹر ارشد قائمخانی نے صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں یہ پروگرام بہت اچھے اچھے سے دیکھ رہے ہیں۔ گلگت بلتستان آزاد کشمیر اور پنجاب میں قومی صحت کارڈ پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے اور پنجاب میں 31 مارچ تک یہ پروگرام مکمل ہو جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے اس وقت آبادی کے لحاظ سے یہ دنیا کے دسویں نمبر پر ہے اس لیے یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی ہیلتھ انشورنس کی کمپنیاں حیرت سے پاکستان کے اس اتنے بڑے تجربے دیکھ رہی ہیں۔

ڈاکٹر ارشد قائمخانی نے کہا کہ 31 مارچ تک اٹھارہ کروڑ پاکستانی اس ہیلتھ پروگرام میں شامل ہو جائیں گے اور اگلے 2 ماہ میں بلوچستان بھی اس کا حصہ بن جائے گا اور سندھ حکومت سے بھی بات چیت چل رہی ہے اور انہوں نے اس پروگرام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔