عدم اعتماد منتوں، ترلوں اور سازشوں سے نہیں آتا، شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں؛وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

67

منڈی بہاؤالدین ،14فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عدم اعتماد منتوں، ترلوں اور سازشوں سے نہیں آتا، اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، یہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے، شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں، پاکستان کے عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں، ملک ان کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، اپوزیشن مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کرنا چاہتی ہے، پی پی پی اور ن لیگ علاقائی پارٹیاں بن کر رہ گئی ہیں، پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کے لئے کنٹینر کرایہ پر دیا جا سکتا ہے، نواز شریف اور مریم صفدر سزا یافتہ مجرم ہیں، مقصود چپڑاسی کیس بھی جلد شروع ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ یہ کیسز لوگوں کو براہ راست دکھائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعطم عمران خان منڈی بہائوالدین میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان نے منڈی بہائوالدین اور جہلم کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکیجز دیئے، آج ان علاقوں میں سڑکوں اور یونیورسٹی کی تعمیر سے ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہے۔  سرائے عالمگیر سے منڈی بہائوالدین اور للہ سے جہلم دو رویہ سڑکوں سے علاقے میں مواصلاتی روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے ہیلتھ کارڈ کا بھی آغاز کر دیا ہے، متوسط طبقے کے صحت کے اخراجات اب حکومت خود ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا ہے، جب عمران خان نے حلف لیا تھا تو اس وقت ہمارے پاس 60 دن کی درآمدات کے لئے پیسے نہیں تھے، اسحاق ڈار اینڈ کمپنی کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ ہم نے معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے،  اس سال پاکستان کی معیشت 5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے، پاکستان کی انڈسٹری اور زرعی شعبہ اپنے پائوں پر کھڑے ہیں، طویل عرصے بعد گندم، مکئی، گنے اور چاول کی بمپر پیداوار ہوئی، پاکستان کی تاریخ میں کبھی زرعی شعبہ کو اتنی سپورٹ نہیں ملی جتنی وزیراعطم عمران خان اور پی ٹی آئی نے کسانوں کو دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1100 ارب روپے اضافی زرعی معیشت میں منتقل ہوئے، تعمیراتی شعبے میں ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، آج کسان، مزدور اور مستری خوشحال ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تھی تو فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی صنعت بند تھی، ہم نے فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی صنعت کو بحال کیا، آج یہ صنعت بوم پر ہے، ٹیکسٹائل کے شعبہ میں آج نوکریاں زیادہ اور ورکرز کی تعداد کم ہے، وہاں کام کے لئے ورکر نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ٹیکسٹائل کی مشینری کی درآمد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جب ملک کے معاشی حالات درست ہوتے ہیں تو مختلف سیاسی چوہے نکل کر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں، شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں، پاکستان کے عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر مہنگائی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ملک ان لوگوں کے حوالے کر دیا جائے جن کی وجہ سے ملک کے معاشی مسائل کا شکار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں چین کا کامیاب دورہ کیا، 23 سال کے بعد کوئی وزیراعظم روس کے دورہ پر جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی میں استحکام آنا شروع ہوتا ہے تو یہاں کچھ لوگ بیٹھ کر عدم استحکام کی باتیں شروع کر دیتے ہیں، اپوزیشن ہر دو مہینے بعد تحریک عدم اعتماد جیسے بیانات جاری کر دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ چوہدری برادران کا سیاسی ڈیرہ ہے، وہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، اپوزیشن کو پی ایم ایل کیو سے اس سے زیادہ کچھ نہیں ملے گا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز پر کسی چینل کو چلانے کے لئے دبائو نہیں ڈالا جا سکتا، کسی صحافی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، صحافیوں کے روزگار کو تحفظ فراہم کریں گے۔

 ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پتہ ہے کہ وہ خود تو 15 بندے بھی نہیں نکال سکتی، لہذا وہ مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر اپنی سیاست کرنا چاہتی ہے۔ بدقسمتی سے زرداری نے پیپلز پارٹی کا قد چھوٹا کر دیا ہے۔

 اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد تب آتا ہے جب آپ کی کمر میں درد نہ ہو اور آپ اپنے پائوں پر کھڑے ہوں، منتوں، ترلوں اور سازشوں سے عدم اعتماد نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے، یہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے۔ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو لانگ مارچ میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں، ہمارا ایک کنٹینر خالی پڑا ہوا، پی ڈی ایم کو کرایہ پر دیا جا سکتا ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لگائے گئے وہ پلانٹس ہیں جن سے ہم بجلی خریدیں یا نہ خریدیں، اس کی ادائیگی ہمیں کرنا ہوتی ہے۔ آج ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ وہ عالمی سطح پر ایسے معاہدے کر گئے ہیں جن کی وجہ سے آج بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔