جنوبی پنجاب میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے؛ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

42

ملتان ، 14 فروری (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم  کی کلین اینڈ گرین مہم میں تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت خوش آئند ہے،جنوبی پنجاب میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے،پارکوں میں تزئین و آرائش اور عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں کھجی گرؤنڈ پارک،عثمانیہ پارک اور عمر پارک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام بھی پارکوں میں موجود سہولیات سے نہ صرف لطف اندوز ہوں بلکہ  اُن کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ملتان میں چڑیا گھر کے لیئے اقدامات کریں گے،شہر کو کلین اینڈ گرین بنانے کے لیئے ہنگامی اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔پی ایچ اے ملتان شہر کی خوبصورتی کے لیئے موثر اقدامات کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیئے اقدامات کر رہی ہے،پی ایچ اے ملتان پارکوں اور گرین بیلٹس پر شجرکاری مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، شہر میں نئے پارکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود پارکوں کی بحالی کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ایم پی اے جاوید اختر انصاری نے کہا کہ علاقے میں نئے پارکوں کی تعمیر اور بحالی سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔فیملیز کے لیئے پارکوں میں ساز گار ماحول مہیا کر رہے ہیں۔

 چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ شجر کاری مہم تیزی سے جاری ہے۔شاہ رکن عالم اور نیو ملتان میں نئے پارکوں کی تعمیر اور بحالی پر ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔نئے مالی سال میں مزید پارکوں کی تعمیر یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پودے لگائے اور ملکی سلامتی کی دعا بھی کی۔چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ اور ایم پی اے جاوید اختر انصاری بھی  اس موقع پر موجود تھے۔