وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹراحمد وحیدی کی ملاقات

37

اسلام آباد۔14فروری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدارامن اورافغان عوام کی فلاح کے لئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہےگا، پاکستان اور ایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لئے استعمال نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹراحمد وحیدی سے  ملاقات کے دوران کیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ہم منصبوں کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی۔ ایرانی وفد اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان دو طرفہ مذاکرات ہوئے جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال، افغانستان میں ممکنہ انسانی المیے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک ایران بارڈر پر فینسگ کاکام جلد سے جلدمکمل کرنے ، غیر قانونی انسانی امیگریشن اور منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف تجاویز اور دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور زائرین کو سہولیات دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایران کا شکریہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی شدید قلت سے افغانستان میں جلدانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، اقوام عالم کو انسانیت کے ناطے افغان عوام کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدارامن اورافغان عوام کی فلاح کے لئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہےگا، پاکستان اور ایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کے لئے استعمال نہیں ہوسکتی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ غیرقانونی انسانی امیگریشن اورمنشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے فینسگ کا کام جلد مکمل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نےمقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایران سے اظہار تشکر کیا،اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے جس کے   خاتمہ کے لئے  مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے، دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گرد حملے کو ایران پر حملے کے برابر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی اورانتہائی دیرینہ ہیں۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ پاکستان اورایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو ہمہ جہت بنانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گے، پاک ایران بارڈرز پر مارکیٹس قائم کی جائیں گی، بارڈر ٹرمینلزکی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔ دوطرفہ مذاکرات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت وزارت داخلہ کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ ایران کے 9 رکنی وفد کی قیادت وزیر دا خلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے کی۔