وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  سے عراق کے سفیر  کی ملاقات، پاک ۔عراق دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی

20

اسلام آباد۔17فروری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کرے گا۔  یہ بات انہوں نے یہاں عراق کے سفیر حامد عباس لفطا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک ۔عراق دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور عراق کے درمیان سیاحوں بالخصوص زائرین کے لئے سہولیات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ملاقات میں ویزا سہولیات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔ عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات تاریخی، اسلامی بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان عراق سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ملک ہے، پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا، دونوں ممالک کی درمیان سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔