پاکستان ایک قابل اعتماد دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے؛وزیراعظم عمران خان

38

اسلام آباد،22فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک قابل اعتماد دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے   سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

 یہ بات انہوں نے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے  کہی جنہوں نے منگل کو ان  سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے فروری 2021 میں اپنے سری لنکا کے دورے کو یاد  کرتے ہوئے  دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو جامع طور پر اپ گریڈ کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پاکستان سری لنکا تعلقات کا کلیدی جزو اور خطے میں امن و استحکام کا عنصر رہا ہے۔انہوں  نے  کہا  کہ وہ سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

سری لنکا کے وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات پر زور دیا اور بین الاقوامی وعلاقائی فورمز پرحمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔