اٹک؛ ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق حضرو کی لنڈا بازار متاثرین کو حکومت کیجانب سے مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی

60

اٹک،24 فروری (اے پی پی): پی ٹی آئی کے ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق حضرو لنڈا بازار میں لگنے والی آگ کے متاثرین کے پاس پہنچ گئے ۔حکومت پنجاب سے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی،اپنی مددآپ کے تحت بھی متاثرہ تاجروں کی مدد کیلئے پی ٹی آئی رہنما قاضی احمد اکبر کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کر دیں ۔

 اس موقع پر متاثرین اور انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑینگے ۔ میجر طاہر صادق نے کہا کہ متاثرہ تاجروں کے نقصان سے دلی صدمہ ہوا، ان کے نقصان کے ازالہ کیلئے حکومت پنجاب سے امداد لی جائے گی۔ انہوں نے اے سی حضرو زوہیب احمد انجم سے کہا کہ وہ انکوائری کے بعد انکوائری رپورٹ مجھے بھی ارسال کریں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے متاثرہ تاجروں کی امداد کے حوالے سے بات کی جائے، پوری کوشش کروں گا، متاثرہ تاجروں جن کا بہت نقصان ہوا ہے، ان کی مالی امداد حکومت سے کروائی جائے، ان کی فائلیں کاغذات میں نہیں گم ہونے دینگے۔

 انہوں نے سابق ضلعی صدر قاضی احمد اکبر کو کہا کہ وہ بھی متاثرہ تاجروں کی بحالی کیلئے مالی امداد کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل دیں، چھچھ اور اٹک کے معززین بھی اس کمیٹی میں مالی امداد دیں تاکہ آگ سے متاثرہ تاجروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 متاثرہ تاجروں نے مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے پر  ایم این اے میجر طاہر صادق کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر لنڈا بازار یونین نے اے سی حضرو زوہیب احمد انجم کے کردار کی تعریف بھی کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حضرو زوہیب احمد انجم،سابق صدر تحریک انصاف اٹک قاضی احمد اکبر، جنرل سیکرٹری فورتھ پلر ویجیلنٹ ضلع اٹک نثار علی خان ، سابق چیئرمین یوسی حمید جمریز خان، ڈی ایس پی سرکل حضرو ضیغم عباس،لعل شاہ،سابق ترجمان تحریک انصاف اٹک عمرانن خان ودیگر موجود تھے۔