درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت ہے؛ ایم این اے میجر(ر) طاہرصادق

53

اٹک،24 فروری(اے پی پی):  رکن قومی اسمبلی میجر(ر) طاہرصادق نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار ضلع کونسل اٹک کے لان میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔شرکاء کوبریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایف او عامر عباس نے کہا ہے کہ اس سال ضلع بھر میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے تحت 30 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، ان میں دس لاکھ پودے غازی بروتھا کے علاقے میں، ساڑھے نو لاکھ نجی شعبے میں دو لاکھ دفاعی اداروں میں، ایک لاکھ 5 ہزار دوسرے سرکاری محکموں میں اور 11 لاکھ پودے ڈرائی فاریسٹیشن کے تحت لگائے جائیں گے۔

رکن قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ صادق نے اس موقع پر عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے  زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم نے بھی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا جبکہ آفیسر ضلع کونسل اٹک خان بادشاہ،کونسل آفیسر سردار عابد رضا خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔