خیر پور ،1مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت قائم کرنے کیلئے نوجوان ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں، نوجوانوں نے ساتھ دیا تو تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا، وفاق، پنجاب ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حکومت قائم کی، اب سندھ میں بھی حکومت بنا کر سندھ کے وسائل لوٹنے والے پیپلز پارٹی کے حکمرا نوں سے حساب لیں گے۔
خیر پور میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ارباب غلام رحیم و دیگر تحریک انصاف کے بزرگ رہنما کارکنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور سند ھ کے حقوق کی جنگ میں شامل ہیں، ہمارے ان بزرگوں نے ہمارے نوجوانوں کی قیادت کرنی ہے ، ہماری رہنمائی کرنی ہے، ہمارا حوصلہ بڑھانا ہے اور سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت قائم کرنے کیلئے نوجوانوں نے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکنوں کے ساتھ ظلم کرتی رہی ،ہمیشہ جبر کی سیاست کی اور ہم جبر کی سیاست کا مقابلہ کرنے سندھ میں آئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خیبر پختونخوا، وفاق، پنجاب ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جب نوجوانوں نے تبدیلی کا علم بلند کیا تو ان کی قسمت بدلی اور تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی عوام کو انصاف ملا اب سند ھ میں بھی نوجوان تحریک انصاف کا ساتھ دیں ان شاء اللہ سند ھ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے ، سندھ کے نوجوانوں نے پورے سندھ میں تحریک انصاف کے پیغام پہنچانا ہے ۔ان شاء اللہ سندھ میں بھی نوجوانوں کی کوششوں سے تبدیلی ضرور آئے گی۔











