وہاڑی ، 03 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر صنعت وپیداوار خسروِ بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے،حکومت نے احساس راشن کارڈکیلئے 120ارب روپے مختص کیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں تقسیم احساس کفالت کار ڈ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینٹر عون عباس بپی اور ممبران قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری، اورنگزیب خان کچھی بھی موجود تھے ۔مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت نے احساس راشن کارڈکیلئے 120ارب روپے اور صحت کارڈ کیلئے 400ارب روپے مختص کئے ہیں، احساس کارڈ کی رقم پہلے سے تین گنا بڑھ گئی ہے، احساس کفالت کارڈز سے ملنے والی رقم کو12ہزار سے بڑھا کر 14ہزار کر دیا گیا ہے تاکہ کم آمدن والے طبقے کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا کہ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء سے فصلوں کی پیداوار ی صلاحیتیں بڑھیں گی، دنیا میں فلاحی ریاستیں صاحب حیثیت لوگوں سے ٹیکس اکٹھا کرکے کم آمدن والے لوگوں پر خرچ کرتی ہیں، گزشتہ حکومت کی ٹیکس کوالیشن 3ہزار 8سو ارب روپے تھی ہماری حکومت نے اس کو 6ہزار ارب روپے تک بڑھا دیا ہے، 22سو ارب روپے تین سالوں میں ٹیکس کی آمدن میں اضافہ ہوا اور حاصل ہونے والے ٹیکسز ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
خسروِ بختیار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھر پور انداز سے ترقیاتی کام جاری ہیں، ہمیشہ غریب اور پسماندہ طبقات پر توجہ دینے والے ممالک نے ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، موجودہ حکومت عوام کی فلاح کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وہاڑی میں 60ہزار543 افراد میں احساس کفالت کارڈز تقسیم کئے جا رہے ہیں جس سے مستحقین کی مشکلات میں کمی ہو گی اور اپنی زندگیاں بہتر انداز سے بسر کر سکیں گے
سینٹر عون عباس بپی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ہر گھرانے کو صحت کارڈ جاری کر دیا گیا ہے، صحت کارڈ سے ہر خاندان سال میں 10لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام اقدامات غریب دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ایم این اے طاہر اقبال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق احساس کفالت کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں، احساس کفالت کارڈ کا مقصد مستحقین میں رقم کی تقسیم میں آسانی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کئے وعدے پورے کر رہی ہے، موجودہ حکومت نے کامیاب کسان پروگرام متعارف کروایا، کامیاب کسان پروگرام سے کاشتکار مستفید ہو رہے ہیں، کاشتکاروں کو کھاد، بیج،زرعی مشینری و آلات پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے
ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہیلتھ کارڈ دنیا کا پہلا بہترین سسٹم ہے، احساس راشن پروگرام کے تحت ہر خاندان کو ایک ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے۔
تقریب میں ممبرصوبائی اسمبلی اعجاز سلطان بندیشہ، کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد اور لودھراں سے ایم این اے چو ہدر ی شفیق آرائیں، میاں چنوں سے ایم این اے پیر ظہور حسین قریشی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زاہد اقبال چوہدری، میاں نور خان بھا بھہ، سجاد خان کھچی، لنبی احتشام، ایڈووکیٹ صائمہ نورین، مستحقین خواتین اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔











