ملتان، 4مارچ(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے متی تل میں واقع سیکرٹریٹ کی زیر تعمیر بلڈنگ کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر تعمیراتی کمپنی آئی ڈیپ کے حکام کی طرف سے انہیں بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں اس سلسلے میں کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر اور چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل کے مابین سیکرٹریٹ منصوبے کے جائزہ کے بارے ویڈیو لنک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ504 کنال رقبے پر تعمیر کیا جارہا یے اور اس منصوبے پر 3ارب 51کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ کی بلڈنگ ایریا 298 کنال اور جی او آر246کنال پر محیط ہے۔سیکرٹریٹ میں پارکنگ اور لان کے لئے کشادہ جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ 13 کنال رقبہ پر سول سیکرٹریٹ کی تین منزلہ بلڈنگ کی تعمیر جاری ہے۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی اور چار سیکرٹریز کی رہائش گاہوں پر بھی کام شروع کیاجاچکا ہے اور سیکرٹریٹ کی تعمیر کا پراجیکٹ دسمبر 2023 میں مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں پولیس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے50 کنال رقبہ مختص کیاگیا ہے جس کی بلڈنگ کی تعمیر کے لئے محکمہ پولیس پیش رفت کرے گا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو پولیس کمپلیکس کا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پولیس کمپلیکس پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے۔
اجلاس میں آئی جی پولیس پنجاب،سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پنجاب، اے آئی جی پولیس ڈسپلن جنوبی پنجاب عمران شوکت،ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن ڈاکٹر محمد ابوبکر،آئی ڈیپ کے فوکل پرسنز عزیر علی اور عبدالباسط بھی موجود تھے۔











