ہری پور،04 مارچ(اے پی پی): جنرل منیجر و پی ڈی تربیلاڈیم محمد اعظم جوئیہ نے کہا ہے کہ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ کی تعمیراتی غیرملکی فرم میں بھرتیوں میں مقامی افراد کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا،بھرتیوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔ کنٹریکٹ کے مطابق جو کوٹہ مقرر ہے اس کے مطابق کمپنی کو پابند کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی 5 منصوبہ میں بھرتیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
اجلاس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے ممبر سینیٹر پیرصابر شاہ، تحصیل چیئرمین غازی صاحبزادہ قاسم شاہ، جی آر سی کے ممبر محسن شاہ، صوبائی جنرل سیکرٹری لیبر ونگ کے پی کے سرانجام خان ، ہائیڈرو یونین کے عہدیداروں رفیق مشوانی، آصف شاہ،فیروز شاہ، ذیشان عاطف، ملک اشفاق علی، تحصیل صدر و چیئرمین خان نواز خان و میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا کہ ٹی 5منصوبہ میں مقامی افراد کو بھرتیوں کے حوالے سے تحفظات ہیں۔جن کو دور ہونا چاہیے ہماری یہ خواہش ہے کہ قومی پن بجلی کے اس منصوبہ پر بھرتی کا معاملہ خوش اسلوبی اور امن سے طے ہو تا کہ کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے،جو کوٹہ مقرر ہے اس کے مطابق مقامی افراد کی بھرتی کی جائے۔بھرتی آفس بھی غازی میں بنایا جائے۔
جی ایم و پی ڈی محمد اعظم جوئیہ نے کہا کہ کمپنی میں بھرتی مقامی افراد کا حق ہے جس کو ہم تسليم کرتے ہیں ۔بھرتیوں میں کوٹہ کے مطابق مقامی افراد کو ترجیح دیں گے حق تلفی نہیں ہونے دینگے۔کنٹریکٹ کے معاہدہ کے مطابق جو کوٹہ مقامی افراد کے لئے مقرر کیا گیا ہے اس کے مطابق تعمیراتی کمپنی کو پابند کیا جائے گا۔
سورس: وی این ایس، ہری پور











