بدین،4مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ لیا ہے ، پیپلز پارٹی کی فلم پانچ مرتبہ لگ چکی اب عوام اب نہیں دیکھیں گے ، سندھ سے چھوٹے وبڑے زرداری کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے، خواتین روڈ پر احتجاج کر رہی ہیں کیوں کہ پیپلز پارٹی ان کی زمینوں پر قابض ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ عوام میں جا کر انہیں ورغلا رہے ہیں اور ملک میں غیر یقینی کی مہم چلارہے ہیں یہ مایوس عناصر قوم کو بھی پاکستان کے مستقبل سے مایوس کرنا چاہتے ہیں ،یہ عوام کے مسائل کاحل نہیں صرف اقتدار اور احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کا مارچ سندھ میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکا تو جلدی سے سندھ سے نکلے لیکن کل ملتان میں بھی عوام ان کے استقبال کے لیے نہیں آئے ۔انہوں نے کہاکہ ہم26فروری سے گھوٹکی سے سندھ حقوق مارچ لیکر نکلے ہیں ہر جگہ عوام نے تبدیلی دیکھ لی ہے گذشتہ شب بدین میں اور اب ٹنڈو محمد خان میں عوام کے جم غفیر سے مخاطب ہیں ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سندھ کے عوام نے تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ لیا ہے ،پہلے15سال سے ایک ہی تصویر دیکھ رہے تھے اب وہ فلم نہیں چلے گی پیپلز پارٹی کی فلم سے لوگ بیزار ہو گئے ہیں ،پانچ مرتبہ ان کی فلم لگی ہے لیکن ناکام ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام 15سال سے ایک ہی کہانی سن رہے ہیں ان کے پاس کوئی نیا منشور ، پروگرام اور لا ئحہ عمل نہیں ہے ۔سندھ حکومت ہر طرح سے ناکام ہو گئی ہے اب سندھ سے چھوٹے وبڑے زرداری کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آواز کم ہو دھیما بولا جائے لیکن درست بولا جائے تو اس میں بڑا وزن ہو تا ہے اب چیخ چیخ کر عوام کو بیوقوف بنانے کا وقت ختم ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں نئی اور باوقار قیادت آگے آرہی ہے میں سندھیوں کے تیور دیکھ رہا ہوں وہ اپنی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں 2023ء کے انتخابات میں عوام تیر کو توڑ کر سندھ کو جوڑ دیں گے انہوں نے کہاکہ میں آپ سے ووٹ مانگنے نہیں زرداریوں کو الوداع کہنے آیا ہوں ۔
سورس:وی این ایس ، اسلام آباد











