پشاور میں ہونے والا حملہ پاکستان اور اسلام پر حملہ ہے، ماضی کی طرح اب بھی دہشت گردی پر جلد قابو پا لیا  جائے گا؛ مولانا طاہر محمود اشرفی

14

لاہور،4مارچ  (اے پی پی):چیرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب، وزیر اعظم کے معاون خصوصی براے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے  کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والا حملہ پاکستان اور اسلام پر حملہ ہے، ماضی کی طرح اب بھی دہشت گردی پر جلد قابو پا لیا  جائے گا، یہ پاکستان دشمنوں کی سازش ہے جو ملک میں مذہبی اور فرقہ وارنہ تصادم  چاہتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ پشاور مسجد میں خودکش دھماکا سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے، دشمن کو اس کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،۔اس وقت ہمیں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے،تاکہ ان  سازشیں عناصر کی  کارروائیوں کو ناکام کیا جا سکے-

معاون خصوصی نے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک بزدلانہ عمل ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور شہدا  کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہدا کے غم میں ہم نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے- انہوں نے کہا کہ اس حملے کو پاکستان پر حملہ سمجھتے ہیں،یہ حملہ ایک طبقے پر نہیں ہم سب پر ہے، شہدا اور زخمیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے چھپے کرداروں کو سامنے لایا جائے۔

حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں امن چاہتی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں، موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی کو بھی اپنی پالیسی کو از سر نو دیکھنا چاہئے۔ انہوں کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں کسی کو امن امان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  معاون خصوصی نے کہا کہ پشاور کی مسجد میں ہمارے تین علما شہید جبکہ تین ہسپتالوں میں زخمی زیر علاج ہیں جن کے علاج معالجہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

سورس:وی این ایس،  لاہور