چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نادرا مراکز میں خواتین کیلئے خصوصی کاونٹرز کا افتتاح کر دیا

34

اسلام آباد، 08 مارچ (اے پی پی): خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نادرا مراکز میں خواتین  کیلئے  خصوصی کاونٹرز کا افتتاح کر دیا ہے ۔

 یہ افتتاح  انہوں نے  منگل کو  یہاں خواتین کے عالمی دن کے  حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں خصوصی تقریب کے  دوران کیا۔  جرمنی کے سفیر  Bernhard Schlagheck نے بھی خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔

 اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے  خواتین کے ووٹ اندراج اور شناختی کارڈ کے حصول پر  خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ مخصوص ڈیسک الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو شناختی کارڈ کے حصول میں آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

تقریب میں  سول سوسائٹی، خواتین ڈیولپمنٹ پارٹنرز کے نمائندگان، سیکریڑی الیکشن کمیشن عمر حمید خان،  چئیر مین نادرا طارق ملک،معاشرے کے تمام محروم طبقات، خواجہ سرا، اقلیتی برادری، افراد باہمی معذوری سے تعلق رکھنے والے افراد و تنظیموں کے ساتھ الیکشن کمیشن کے افسران خصوصی طور پر خواتین  افسران و سٹاف نے  شرکت کی۔