ملتان ،09 مارچ (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں طلب و رسد میکنزم کو مانیٹر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ پرائس لسٹ ڈسپلے نا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، شہری علاقوں سے بھانہ جات باہر منتقل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ، رمضان بازار کی تفصیلی فیزبلٹی رپورٹ بنائیں،ٹرانسپورٹ ایسوسیشن سے کرایوں کی مانیٹرنگ، خصوصی افراد کیلئے سہولیات بارے بات کی جائے، سیٹزن پورٹل، قیمت پورٹل پر موصول شکایات کو فوری حل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنرز سکولوں کا دورہ کرکے روڈ کراسنگ کا معائنہ کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ احساس دسترخوان ناشتہ پوائنٹ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔احساس دستر خوان سے اب تک 21 ہزار افراد مستفید ہوچکے ہیں،ضلع میں 40 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک ہفتہ میں 2ہزار سے زائد چھاپے مارے،1 افراد گرفتار، 5 مقدمات درج، 3 لاکھ 71 ہزار300 روپے جرمانہ کیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے بتایا گیا کہ ڈویژن میں جانوروں میں گانٹھ بیماری کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، تمام منڈیوں میں لائیو سٹاک مانیٹرنگ پوائنٹس بنا دیے گئے ہیں جبکہ ڈویژن میں ڈینگی کا بھی کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، لاروا کی تلفی بارے انسپکشن جاری ہے، 25 سےزائد نوٹسز دئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی مکمل ویکسینیشن میں پنجاب بھر میں لودھراں 10ویں، ملتان12 ویں، وہاڑی 18 ویں نمبر، خانیوال 20ویں نمبر پر ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈائیریکٹر ہیلتھ سروسز، سی اوز ہیلتھ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، ڈویژنل فارسٹ افسر اور متعلقہ افسران نے بھی بریفنگ دی۔











