معیشت پائیدار ترقی کی سمت میں گامزن ہے، کورونا سے بچائو کی پالیسی کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی ہے؛ وزیراعظم عمران خان

14

لاہور،10مارچ  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت پائیدار ترقی کی سمت میں گامزن ہے، کورونا سے بچائو کی پالیسی کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی ہے، تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اراکینِ پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے جمعرات کو یہاں ملاقاتیں کی۔  اس موقع پر وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ترجمان وزیرِ اعلیٰ حسان خاور بھی  موجود تھے۔ اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی میں خواتین اراکین قانون سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف نے مخصوص نشستوں پر میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے، اس سے قبل ماضی میں سیاسی پارٹیاں مخصوص نشستوں پر اقربا پروری سے لوگوں کو لاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دیوالیہ معیشت ورثہ میں ملی، حکومت نے کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کو مستحکم بنایا ہے اور معیشت اب پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے، حکومت کی کورونا سے بچاؤ پالیسیوں کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی ہے۔

  اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیرِاعظم کو پنجاب میں حکومت کے اقدمات کی بدولت عوامی پذیرائی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین نے وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ کو پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والی خواتین اراکینِ صوبائی اسمبلی میں یاسمین راشد، صادقہ صاحبداد خان، شمسہ علی، نسرین طارق، شوانہ بشیر، شمیم آفتاب، فردوس رانا، شاہدہ احمد، سمیرا احمد، عائشہ اقبال، نیلم حیات ملک، ام البنین علی، مسرت جمشید، سعدیہ سہیل رانا، رشیدہ خانم، فرحت فاروق، ثانیہ کامران، طلعت فاطمہ نقوی، شاہینہ کریم، آسیہ امجد، سیمابیہ طاہر، مومنہ وحید، عائشہ نواز، زینب عمیر، فرح آغا، سید ہ فرح عظمیٰ، ساجدہ بیگم، ساجدہ نوید، سبین گل خان، سبرینہ جاوید، عابدہ بی بی شامل تھیں جبکہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے اقلیتی اراکینِ صوبائی اسمبلی میں ہارون عمران گل، اعجاز عالم   آگسٹین، مہندر پال سنگھ اور   یوڈسڑرچوہان شامل تھے۔