چنیوٹ ، آر پی او فیصل آباد عمران محمود کا ضلع چنیوٹ کا دورہ، ضلع میں امن و امان کی صورتحال،زیرتفتیش مقدمات،کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا

17

 

چنیوٹ،10 مارچ (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد عمران محمود نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا۔آر پی او عمران محمود نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی کے ہمراہ پولیس افسران سے کرائم میٹنگ کی۔میٹنگ میں ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز،آرپی او دفتر کے افسران اور دیگر افسرا ن نے شرکت کی۔دوران میٹنگ ضلع میں امن و امان کی صورتحال،زیرتفتیش مقدمات،کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آر پی او نے ماہ فروری میں تھانہ وائزکرائم،زیرتفتیش مقدمات کی صورتحال،سرکل افسران،ایس ایچ اوز کی کارکردگی،ریکارڈ کا جائزہ لیا۔آر پی او نے پولیس افسران کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔آر پی او نے تھانہ جات کاکمپیوٹرائزڈ و مینؤل ریکارڈ ایس او پیز کے مطابق اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔زیرتفتیش مقدمات کو مقررہ وقت کے اندر انصاف کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے یکسو کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔آرپی او نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ جات میں لوگوں کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے۔لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔مویشی چوری،سٹریٹ کرائم،موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ڈیٹا اینالسز کی بنیاد پر کرائم پاکٹ ایریا ز میں چوروں،ڈکیتوں کیخلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں کی جائیں اور ریکوری کرکے مدعیان کے حوالے کی جائے۔آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر کیا جائے۔