23 مارچ و اسلامی کانفرنس، 40 سے زائد وزرائے خارجہ پاکستان آرہے ہیں، چاہتے ہیں غیر یقینی سیاسی صورتحال ختم ہو

26

وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگواسلام آباد۔11مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ و اسلامی کانفرنس، 40 سے زائد وزرائے خارجہ پاکستان آرہے ہیں، چاہتے ہیں غیر یقینی سیاسی صورتحال ختم ہو۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قانون پر ہم نے چوہدری پرویزالٰہی سے درخواست کی تھی کہ وہ پیکا قانون کے حوالے سے ثالثی کا کردار ادا کریں اور دیکھیں کہ اس میں کیا بہتری لائی جا سکتی ہے اور ابھی ہم نے ان سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح اخباری مالکان سے بھی ہماری ملاقات ہوئی اور چوہدری صاحب سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور ہم اس معاملہ کو مربوط طریقہ سے آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی سے سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم اور پاکستان تحریک انصاف اتحادی ہیں اور ہم اتحادیوں جیسی ہی سوچ رکھتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مستقبل میں جو بھی بڑے فیصلے ہونے ہیں اس پرمسلم لیگ (ق) اور پی ٹی آئی ایک ہی پلیٹ فارم پر ہیں اور جو تحفظات ہیں وہ کافی حد تک دور کر دئیے ہیں اور باقی بھی دور کر دیں گے اور عدم اعتماد کا اجلاس بلانے سے قبل تمام اتحادی وزیراعظم پر اعتماد کا باضابطہ اعلان کر دیں گے جس سے موجودہ صورتحال ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ 23مارچ پر تقریباً 40سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ، 200سے زائد وفود اور دیگر اہم ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان آ رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سیاسی صورتحال اس تقریب سے پہلے ختم ہو جائے اور امید ہے کہ اتحادیوں کی طرف سے وزیراعظم پر اعتماد کا  باضابطہ اعلان  جلد ہو جائے گا۔