جنوبی پنجاب میں سیاحت کے نئے دورکےآغازمیں ہرممکن تعاون فراہم کریں گے؛ ہسپانوی سفیر مینوئل ڈیورن جیمز ریکو 

27

ملتان، 12 مارچ (اے پی پی ):پاکستان میں تعینات سپین کے سفیر مینوئل ڈیورن جیمز ریکو  نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے ساتھ ہی اس خطہ میں سیاحت کے نئے دور کے آغاز میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔پاکستان کے ساتھ زراعت، ہاؤسنگ،سول انجینئرنگ اور کنسٹرکشن کے شعبہ جات میں فنی تعاون کے لئے تیار ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے   ایوان تجارت و صنعت ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپین کے سفیر مینوئل ڈیورن جیمز ریکو نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان تجارت فروغ پا رہی ہے تاہم ہم کن کن شعبہ جات میں مزید تعاون بڑھا سکتے ہیں اس لیے آپ اپنی تجاویز اور منصوبہ جات بنا کر اس پر مشاورت اور دونوں ملکوں کے درمیان وفود کے تبادلہ جات سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سپینش ڈیزائن کے گھروں کی تعمیرات بہت فروغ پارہی ہے، ہم پاکستان کے ساتھ ہاؤسنگ، سول انجینرنگ اور کنسٹرکشن کے شعبہ جات میں ہر طرح کا تعاون فراہم کرسکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ زرعی شعبہ کی مشینری، ٹیکسٹائل سیکٹر کی اپ گریڈیشن کے لیے جاری تعاون میں مزید اضافہ باہمی مشاورت سے ہو سکتا ہے۔

سفیر مینوئل ڈیورن جیمز ریکو   نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مشینری تیار کرنے والی فرمز کو فنی مہارت اور ان کی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ہم انکو سپین میں خوش آمدید کہیں گے۔اسی طرح پیکیجنگ اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اسپین کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستانی آلات جراحی اسپورٹس گڈز ایسے شعبہ جات ہیں جہاں ایکسپورٹ بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

 پاکستان میں سپین کی آٹو انڈسٹری کی عدم دلچسپی بارے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی نئی آٹو موبیل کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں تاہم پاکستانی مارکیٹ بہت وسیع نہیں ہے اس لیے ہماری کمپنیاں ابھی یہاں کے حالات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر سپین کے کمرشل اتاشی نے کہا سپین ٹورازم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے،اسپین کا سیاحتی ویزہ دیگر یورپی ممالک سے زیادہ آسان ہے پھر بھی اگر کسی کو کوئی مشکل پیش آئے تو وہ اس بارے ہمیں آگاہ کرے اسی طرح اسپین میں کاروبار یا انڈسٹری لگانے کے لئے ہماری ایک پورٹل بھی موجود ہے وہاں آپ کے سوالات کے جوابات اور طریقہ کار موجود ہے۔

قبل ازیں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان زرعی سیکٹر کی مصنوعات تیار کرنے، پھلوں اور سبزیوں کی پروسیسنگ اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں جوائنٹ وینچر کے وسیع مواقع موجود ہیں۔سپین کے تجارتی و کاروباری اور انڈسٹریل وفود ملتان چیمبر  کے ذریعے مقامی کاروباری افراد سے میٹنگز اور دونوں ملکوں کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے میں بہت موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان میں خصوصی طور پر ”سپین سے” منانے کا بھی اہتمام کیا جائے  جس میں سپین کی زرعی اور صنعتی فارمز اپنے اپنے سٹالز لگائیں اور سپین کے کاروباری وفود بھی موقعہ پر موجود ہوں اس اقدام سے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں خاطر خواہ مدد کے حاصل ہوگی۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس ملتان کے پریذیڈنٹ خواجہ محمد حسین،وائس پریذیڈنٹ نوید اقبال چغتائی،میاں راشد اقبال،خواجہ محمد فاضل،سید احسن شاہ،خواجہ فاروق،اورنگزیب عالمگیر،عروج احمد،شیخ وسیم،ثاقب علی،زاکر حسین،ثاقب احمد و دیگر موجود تھے۔

سورس:وی این ایس، ملتان