ماضی کے حکمرانوں نے کبھی اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں بات تک نہیں کی ؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

13

اسلام آباد،13مارچ  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب   نے کہا ہے کہ آصف زرداری،بلاول بھٹو اور مریم آکر ہماری فنڈنگ کرنے والوں کو دیکھ لیں، ترسیلات زر میں اضافہ اوورسیز کا عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے،ماضی کے حکمرانوں نے کبھی اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں بات تک نہیں کی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب   نےاتوار کو تین روزہ اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ  اوورسیز  کنونشن میں شریک اووسیزپاکستانی حقیقی طور پرمہمان خصوصی ہیں، زرداری،بلاول،مریم صفدر کو دعوت ہے کہ وہ آئیں دیکھیں کنونشن میں فارن فنڈنگ والے بیٹھے ہوئے ہیں۔  انہوں   نے کہا کہ ہم اس لیڈر کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں جہاں پر ہم اپنا سینا چوڑا کر کے فخر سے بات کرسکتے ہیں کہ عمران خان اور ان میں فرق ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے 40سالہ کمائی بیرون ملک سے کرکٹ میں کی اور عمران خان کے ڈر سے ڈاکوؤں کا گلدستہ آپکو نظر آرہا ہے۔انہوں  نے کہا کہ  سابقہ حکمرانوں کو منی لانڈرنگ،جائیدادیں بنانا اوربیرون ملک علاج، لوٹ  مار کر کے مفروری پسند ہیں جبکہ عمران خان  کو اوورسیز پاکستانی عزیز تھے اس لئے عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلایا۔ انہوں نے کہا کہ 30ارب ڈالر کا ترسیلات زر پاکستان آرہا ہے،آئندہ سال یہ 35ارب ڈالر سے بھی بڑھ جائے گا  جس سے پاکستان کی معیشت مزید بہتر ہوگی۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ  سپریم کورٹ سے صادق امین عمران خان ہوتے ہیں،40سالہ ریکارڈ پیش کرتے ہیں،وزیر مملکت نے کہا کہ اوورسیز کےلئے  پاور آف اٹارٹی، وراثتی سرٹیفکیٹ میں آسانی پیدا کی گئی،سبز پاسپورٹ کی عزت کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان کے دل میں جذبہ حب الوطنی ہے، جب سے عمران خان  اقتدار میں آئے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو مزید عزت سے دیکھا جارہا ہے۔ انہوں   نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے جارہا ہے،اقوام متحدہ کا فورم ہو یا کوئی بھی عالمی فورم ہو وہاں اسلاموفوبیا کا سامنا تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ کرپٹ لوگ ایبسلیٹو ناٹ نہیں کہہ سکتے کیونکہ ان کے مفادات آڑے آتے ہیں،   عمران خان امن کا داعی ہے،انھیں سب باتوں کا پتہ ہے، ہم کسی کو ناراض نہیں کرنا چاہتے، اپنے تعلقات کو بہتر چاہتے ہیں۔انہوں   نے کہا کہ عمران خان نے آزارانہ خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے، انھیں پرچیوں کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر  مملکت نے کہا کہ  اپوزیشن جتنی مرضی عدم اعتماد لیکر آئیں، عمران خان پر اعتماد پلس ہونے جارہا ہے، ماضی میں یہاں پر ڈرون حملوں کی اجازت اپنے دستخطوں سے دی  جاتی  رہی ، اب وہ دور چلا گیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ عمران خان پاکستانیوں کی عزت اور تکریم کے لئے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہیں،پی ٹی آئی نے پہلی دفعہ پولیٹیکل فنڈ ریزنگ کا کانسپٹ متعارف کرایا ہے،  ماضی میں 20,20کروڑ لیکر وزارتیں اور عہدے بیچے جاتے رہے۔

  فرخ حبیب نے کہا کہ  الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کو فوری فعال  کرے تا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فارن اکاؤنٹس کی پڑتال  ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم کو چیلنج ہے کہ اپنے 100ڈونرز کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکتے،راہ چلتے ہوئے لوگ ان کو کرڑوں روپے پکڑا کر جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو گڑھا پی ٹی آئی کے لئے کھودا گیا اس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی خود گرے گی،۔

وزیر مملکت نے کہا کہ  عمران خان نظریئے، ہمت،جرات کا نام ہے جو نہ جھکتا ہے اور نہ قوم کو جھکنے دے گا۔  انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے صحت انصاف کارڈ، کم آمدن ہاؤسنگ ، احساس پروگرام سمیت تمام اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد