اسلام آباد،13مارچ (اے پی پی):پہلی قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ میں سندھ نے پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ جیت لیا ۔
اتوار کو بھٹو کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ طیبہ فاطمہ نے سب سے زیادہ 84 رنز بنائے۔ جواب میں سندھ نے ہدف 14.5 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کرن شہزادی 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے تعاون سے 8 سے 13 مارچ تک پاکستان بھر سے نابینا خواتین اور لڑکیوں کے لیے 6 روزہ کرکٹ ٹریننگ اور ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا۔یہ تربیت 2018 میں پاکستان کی پہلی نابینا خواتین کرکٹ ٹیم کی تشکیل میں پی بی سی سی کو آسٹریلیا کی حمایت پر مبنی ہےجس نے 2020 میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تھا۔
تربیت کے اختتام پر ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمیشن چارج ڈی افیئرز، برائس ہچیسن نے بتایا کہ آسٹریلیا کے تعاون کا مقصد معذور خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں سے لطف اندوز ہونے، مقابلہ کرنے اور اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک جنون رکھتے ہیں، اس لیے ہمیں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی معذور خواتین اور لڑکیوں کو کھیل میں لانے کی کوششوں کی حمایت کرنے پر خوشی ہے۔
قومی نابینا مردوں کی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے کوچ مسعود جان اور عبدالرزاق نے ان کھلاڑیوں کی تکنیک کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔دریں اثناڈائریکٹر مارکیٹنگ پی بی سی سی بلال ستی نے کہا کہ نابینا افراد کے لیے کرکٹ ایک انتہائی مسابقتی کھیل ہے جو بصارت سے محروم افراد کو سب کے لیے دلچسپ مواقع سے بھرے ایک قابل رسائی مستقبل کا خواب دیکھنے کے قابل بناتا ہے۔”فائنل میں انور علی سیال ڈائریکٹر فنانس پی بی سی سی اور دیگر آفیشلز اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











