اوورسیز پاکستانی دنیا میں اپنے ملک کے سفیر ہیں،سب کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اوور سیز پاکستانی تحریک انصاف کی فنڈنگ کرنے والے ہیں؛وفاقی وزیر مراد سعید

22

اسلام آباد،14مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ‎‏اوورسیز پاکستانی دنیا میں اپنے ملک کے سفیر ہیں،سب کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اوور سیز پاکستانی تحریک انصاف کی فنڈنگ کرنے والے ہیں،سیاست دان انتخابات اور لیڈر آنے والی نسلوں کا سوچتا ہے،مشکل معاشی حالات میں معیشت کو سہارا دینے ہر اوور سیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف اورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز کے زیرِاہتمام کنونشن سنٹر میں جاری تین روزہ سمندر پار پاکستانیز کنونشن کے  دوسرے روز کے پہلے سیشن سے خطاب  کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ سب کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اوور سیز پاکستانی تحریک انصاف کی فنڈنگ کرنے والے ہیں ،عمران خان نے جس انداز میں پاکستان کی نمائندگی کی، ناموس رسالتﷺ کا  مقدمہ لڑا اس سے پہلے کھبی نہیں لڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مختصر عرصے سے پاکستان کو دہشت گردی کے بجائے سیاحت سے شناخت دی۔ سابقہ حکمرانوں نے آٹھ سو کروڑ ذاتی  گھروں پر خرچ کئے اور 2700 لوگ ذاتی حفاظت پر مامور کئے، یہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے باہر علاج کرانے جاتے تھے۔

 وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے  تمام پاکستانیوں کیلئے دس لاکھ فی خاندان صحت انشورنس دی، سیاست دان انتخابات اور لیڈر آنے والی نسلوں کا سوچتا ہے۔انہوں نے  کہا کہ  عمران خان کی قیادت میں پانچ دہائیوں بعد بجلی اور پانی کیلئے دس ڈیموں پر کام ہو رہا ہے ، ‎‏ماضی کے حکمرانوں کا عمران خان سے موازنہ کرنا توہین سمجھتا ہوں ،اوور سیز پاکستانی ماضی میں جب پیسہ پاکستان بھیجتے تھے تو اُس وقت یہاں کے حکمران ٹیکس کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک جائیدادیں بناتےتھے۔انہوں نے کہا کہ ‏تارکین وطن کو پاکستان کا دنیا میں سفیر بننے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ‎‏اوورسیز پاکستانی دنیا میں اپنے ملک کے سفیر ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی عمران خان کے دلوں کی دھڑکن ہیں،ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت، پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے، اے این پی پختونخوا کے چند اضلاع کی جماعت ہے،عدم اعتماد کو چھوٹی چیز سمجھتا ہوں، اسے  ناکامی سے دوچار کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی عمران خان کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ پاکستان میں اندرونی طور پر بے تحاشا چیلنجز ہیں ۔ پاکستان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں کے اپنے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکا  ویتنام گیا، خطے پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔ عراق گیا تو شام میں تباہی آئی۔ افغانستان میں 2 عالمی طاقتیں آئیں، پاکستان پر بے پناہ اثرات مرتب ہوئے۔ پاکستان ایک ایسے بڑے ملک کا ہمسایہ ہے جہاں آر ایس ایس کی شدت پسندانہ سوچ کا غلبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 درختوں اور ایک کوے کے علاوہ بھارت نے بالا کوٹ میں کچھ نقصان نہیں  کیا تھا ۔  پاکستان تحفے میں نہیں ملا، اسلاف نے اس کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ اگر کامیاب ہونا ہے تو ملک کا متحد ہونا ضروری ہے۔ این سی او سی میں میں نے  لکھا  کہ پاکستانی جب بھی متحد ہوتے ہیں دنیا کے بڑے سے بڑے چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔

 اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔ اے این پی پختونخوا کے چند اضلاع کی جماعت ہے۔ خیبر سے کراچی تک ایک ہی جماعت ہے جو تحریک انصاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیر، میلسی، حافظ آباد ہر جگہ خان کے چاہنے والوں سے بھری ہوئی ہے ۔2018 کے انتخابات میں پنجاب میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔ پختونخوا میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو متحد کرنے والی قوت کا نام ہے۔ کوئی ووٹ سے  نہ دے  لیکن ہر پاکستانی جانتا ہے کہ عمران خان ہر پاکستانی کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں۔ قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے بعد کبھی ایسی حکومت نہیں آئی جہاں تمام ادارے ملکر اپنے اپنے چیلنجز سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر  نے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملے کروائے جاتے تھے ۔  اداروں پر ڈان لیکس جیسے حملے کروائے جاتے۔ تحریک انصاف کی حکومت کسی ملک سے لڑائی نہیں چاہتی۔ نریندر مودی جیسا شدت پسند نہ ہو تو بھارت کے ساتھ بھی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں۔ ملک میں موجود ہلچل اس وقت مچائی جارہی ہے جب عمران خان قوم اور اداروں کو یکجا کرچکے ہیں۔سب سے پہلے آپ نے گبھرانا نہیں ،عدم اعتماد کو چھوٹی چیز سمجھتا ہوں، اس کوناکامی سے دوچار کریں گے ۔پاکستان قائد و اقبال کے خوابوں کی روشنی میں دنیا کیلئے قابلِ رشک بننے جارہا ہے ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا  ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایمانداری سے سیاست کر رہے ہیں اور پاکستان کو ایک خوشحال اور پھلتا پھولتا ملک بنانے کے لئے اپنی لگن اور دیانت کی قیمت ادا کر رہے ہیں، ہم اس وقت تک کامیاب اور خوشحال ملک نہیں بن سکتے جب تک ہم اپنی اخلاقیات کو ٹھیک نہیں کرتے۔

 ڈاکٹر شہباز گل  نے 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی کابینہ میں شامل ناموں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف جو اس کابینہ کا حصہ تھے ان کا نام یو اے ای کی کمپنی، سیالکوٹ کی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی، جعلی چاولوں کے کاروبار اور کالا دھن بنانے میں شامل تھا، احسن اقبال کے بھائی نے پنجاب میں 300,000 روپے کے پودے بیچے جس کی دستاویزات بھی موجود تھیں اور لاہور کے تمام ٹھیکے بھی انہیں دے دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا نام ہی  یہ بتانے کے لئے کافی ہے کہ نواز کی کابینہ کتنی کرپٹ اور بے ایمان تھی ،  ڈار نے ایک کمپنی کھولی اور وہ ایک مقدس ہستی کا نام لے کر پیسہ کما رہا تھا، ڈار نے اپنے بیان میں عدالت کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے نواز شریف کو منی لانڈرنگ کرنا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سچ کی بات کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے گھروں سے شروع کرنا ہوگا،ہمارا معاشرہ زوال کا شکار ہے،  ہم اس وقت تک کامیاب اور خوشحال ملک نہیں بن سکتے جب تک ہم اپنی اخلاقیات کو ٹھیک نہیں کرتے۔