وہاڑی؛ ضلع بھر میں پنجاب کلچر ڈے بھرپور جوش و جذبہ سے منایا گیا،   کلچر ریلی کا انعقاد

74

وہاڑی ، 14 مارچ (اے پی پی): ضلع بھر میں پنجاب کلچر ڈے بھرپور جوش و جذبہ سے منایا جارہا ہے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کلچر ریلی منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران نے پگڑیاں پہن کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا، اسی طرح مختلف تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات رنگ برنگے کپڑے پہن کر اپنی تہذیب کو اجاگر کر رہے ہیں، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 75 ڈبلیو بی میں طالبات نےکلچر ڈے کے حوالے سے مختلف ثقافتی لباس پہن کر ٹیبلوز پیش کئے۔

 تقریب میں سکول کونسل اور محکمہ تعلیم افسران سمیت خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل مسز عذراء عبدالحئی نے کہا کہ کلچر ڈے منانے کا مقصد طالبات کو اپنی تہذیب اور تاریخ سے متعارف کروانا ہے، کورونا لاک ڈاون اور پریشانی کے ماحول میں حکومت کی جانب سے کلچر ڈے منانے کا خیر مقدم کرتے ہیں اس سے طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔انہوں نے  کہا کہ طالبات بھرپور جوش و جذبہ سے کلچر ڈے میں شریک ہوئی ہیں اس کے علاوہ دیگر اداروں میں بھی کلچر ڈے کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں ۔