اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ27 مارچ کو جشن منائیں گے کیوں کہ عوام نے حق و باطل کو پہچان لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہماری عوام نے غلط اور صحیح کی پہچان کر لی ہے جو کسی بھی معاشرے کی بہتری کے لیے پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن، منی لانڈرنگ،رشوت، دھوکہ دہی اور ہارس ٹریڈنگ کو عام کیا ہوا تھا مگر عمران خان نے ان سب کو نے نقاب کردیا ہے اوروزیراعظم عمران خان آئندہ بھی ان برائیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ جلسہ امر بالمعروف میں پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے کیونکہ پوری قوم کا اعتماد وزیراعظم عمران خان پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جب پہلا خطاب قومی اسمبلی میں کیا تھا تب سے اپوزیشن کی جانب سےتحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ عمران خان نے این آر او دینے سے انکار کیا تھا، ماضی میں سیاستدان ایک دوسرے سے ڈیل اورمفاہمت کر کے تمام کیسز ختم کردیتے تھے مگر عمران خان نے این آر او نہیں دیا تو اس دن سے ان کا عدم اعتماد شروع ہوگیا۔
فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن نے مارچ کیا، جلسے کئے، دھرنے دیئے، دھمکیاں دیں مگر ان کے تمام حربے ناکام ہوئے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











