اسلام نے جو حق بیٹیوں کو دیا ہے وہ ان کو ملنا چاہئے؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  

35

لاہور ، مارچ 21(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  نے کہا   ہے کہ اسلام نے جو حق بیٹیوں کو دیا ہے وہ ان کو ملنا چاہئے،اسلام حصول علم پر بہت زور دیتا ہے خاص طور پر عورت کی تعلیم پر،ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے،ترقی کے سفر میں خواتین کی شرکت کے بغیر  پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا  اظہا ر انہوں نے  پیر کو یہاں  لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور   نے کہا کہ حکومت خواتین کو سماجی تحفظ اور اعتماد فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے،۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ قوم کے اس باعزت طبقے کو گھریلو تشدد اور صنفی عدم مساوات جیسے مسائل سے نکال کر ان کا اعتماد بحال کریں تاکہ وہ قوم کی اجتماعی ترقی کے سفر میں اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کی شرکت کے بغیر مملکت خداداد پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دین اسلام حصول علم پر زور دیتا ہے خاص طور پر عورت کی تعلیم پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو پڑھانا ایک فرد کو پڑھانے کے مترادف ہے جبکہ ایک عورت کو تعلیم دینا ایک خاندان کو تعلیم دینے کے برابر ہے اور خاندان مل کر معاشرہ اور معاشرہ مل کر قوم بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ میری زندگی کا تجربہ ہے کہ والدین کی جتنی خدمت بیٹیاں کرتی ہیں اتنی بیٹے نہیں کرتے جب کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہماری بیٹیوں کو جائیداد میں حصہ نہیں دیا جاتا۔ہماری حکومت نے یہ کیمپین شروع کی ہے کہ جو اسلام نے بیٹیوں کو ان کا حق دیا ہے ان کو ملنا چاہیے۔ ہمیں اپنی بیٹیوں کو ان کا حق ذمہ داری سے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بیٹیاں اپنے ماں باپ اور اساتذہ کی اخلاقی اور عملی روایات کی امین ہوتی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میں جب بھی کسی یونیورسٹی گیا تو دیکھا کہ بچوں کی نسبت بچیاں زیادہ تعلیم کے میدان میں آگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لاہور کالج نے بہت سے سائنسدان، مفکر،  اور قابل لوگ پیدا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار، عزت اور صلاحیت کو منوانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان تعلیمی ادارے میں آنا میرے لئے ہمیشہ باعث اعزاز رہا ہے میں سمجھتا ہوں کہ یہ صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ طلباء اور اساتذہ کے لئے بھی باعث فخر ہے کہ اس ادارے سے منسلک ہیں اور اس کو عظیم ادارہ بنانے میں میں کردار ادا کر رہیے ہیں۔

سورس:وی  این ایس، لاہور