اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):چیئرمین انٹرنیشنل رائٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن جاوید احمد ملک نے کہاہے کہ ہم سب کو انسانیت کی فلاح سب سے زیادہ مقدم ہونی چاہیے ،انسانی فلاح کی بدولت غربت کے خاتمے سمیت دیگر مسائل کا قلع قمع ممکن ہے ، پاکستان میں ا نسانی فلاح کے منصوبے قابل تقلید ہیں ، شوکت خانم ہسپتال نے دنیا بھر سے پاکستان کے غربا کے لئے فنڈز اکھٹے کئے اور بلاامتیاز لوگوں کی مدد کی،یہی فلاح انسانیت ،رفاح عامہ اور عظیم خدمت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ “انٹرنیشنل کانفرنس آن گلوبل ہیومینٹی ،ویلفیئر اینڈ پاکستان افیئرز ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جاوید احمد ملک نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہیں ،بہت سی این جی اوز کام کر رہی ہیں ہم کچھ مختلف اور بہتر کرنے آئے ہیں ، دس برس میں ہم نے ایک پروگرام “دی وے ٹو ہیپی نیس ” تشکیل دیا ہے ،یہ پروگرام اب ہم پاکستان میں لارہے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ افریقن ممالک میں ہمارا ادارہ ایک لاکھ تراسی ہزار بچوں کو فیڈ کر رہا ہے، اوورسیز پاکستانیز انتہائی محب وطن اور درد دل رکھنے والے ہیں ،باہم مل جل کر غربت سمیت دیگر مسائل حل کیے جا سکتے ہیں ۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے عالمی انسانی فلاح کو دنیا بھر کے مسائل کا حل قراردیا ور کہاکہ پاکستان میں درد دل اور انسانیت کا جذبہ رکھنے والے لوگوں کی کمی نہیں ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان افراد کے ساتھ مل کر انسانی فلاح اور معاشرتی ترقی کے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔
انٹرنیشنل کانفرنس میں انٹرنیشنل رائٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کامران احمد ، معاون چیئرمین راحیلہ خان ، گلوبل یوتھ پریذیڈنٹ نمرہ عزیز و دیگر شخصیات بھی شریک تھیں ۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد