ہرنائی؛60 سرکاری مراکز صحت، پرائیویٹ سینٹروں میں ملیریا کی مفت تشخیص اور علاج جاری

12

ہرنائی ، 22 مارچ (اے پی پی ): ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کے لئے محکمہ صحت اور انڈس ہسپتال مل کر کام کر رہے ہیں۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں،بہت جلد ضلع بھر میں سروے کے بعد مچھردانیوں کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا۔ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے گاؤں اور دیہاتوں میں 60 سرکاری مراکز صحت اور پرائیویٹ سینٹروں میں ملیریا کی مفت تشخیص اور علاج جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مسعود خان ترین کی ہدایت پر ڈی ایم یو انچارج غلام یزدانی ترین نے انڈس ہسپتال ہرنائی میں انڈس ہسپتال کے ضلعی ایم این ای آفیسر عبدالقاہر ساجد پرکانی آئی این ایچ کے ضلعی کوآرڈینیٹر شاہ میر بلوچ اور آئی این ایچ کے ضلعی سپلائی چین آفیسر نجیب اللہ ترین سے مشترکہ میٹنگ کی تاکہ موسم بہار کے آمد اور ماہ رمضان سے قبل عوام کو ملیریا سے بچاؤ کے لئے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

انڈس ہسپتال اور محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر کے 20 سرکاری مراکز صحت اور 40 پرائیویٹ میڈیکل اسٹوروں میں ملیریا سے بچاؤ کی مفت تشخیص اور علاج سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔معمولی بخار کی صورت میں ان سینٹروں میں جاکر ملیریا کا مفت ٹیسٹ کیا جسکتا ہےجبکہ ملیریا کی تشخیص ہونے پر ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔

ملیریا سے بچاؤ کا واحد حل مچھردانیوں اور پنکھوں کے استعمال سے ممکن ہے تاکہ مچھر انسانی جسم کے قریب نہ آئے اسکے ساتھ گھر میں تمام سامان کو ڈھانپ کر رکھا جائے کھلی نالیوں کے اوپر مچھروں کو جانے سے روکنے کے لئے تنگ جالی کا استعمال کرکے اوپر سے بند کرکے ان میں چونا اور مٹی کا تین ڈالا جائے اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

محکمہ صحت اور انڈس ہسپتال کی پالیسی کے تحت ہر تین سے چار سال بعد مچھردانیوں کی مفت تقسیم ہوتی ہے۔2018/19 کے بعد ضلع ہرنائی میں عنقریب سروے کے بعد مچھردانیاں تقسیم کی جائیں گی۔تمام ملیریا سینٹروں میں ملیریا سے بچاؤکی تشخیص کی کٹس اور ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔