ملتان،22مارچ(اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ڈویژنل گندم خریداری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ گندم خریداری، باردانہ تقسیم میں کاشتکاروں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔گرمی کے پیش نظر پانی، سایہ کا مناسب انتظام کیا جائے۔ حکومت پنجاب نے گندم کی فی من قیمت 2200 روپے مقرر کی ہے۔ ڈویژن کے 24 داخلی خارجی راستوں پر ٹیمیں مقرر کی جائیں۔پولیس،محکمہ فوڈ کی ٹیمیں سرویلنس کرکے گندم سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی روکنے کی ذمہ دار ہونگی۔ہر سنٹر پر کوآرڈینیٹر، ڈیٹا انٹری آپریٹر تعینات کئے جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ انجم سردار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں گندم خریداری ٹارگٹ 638507 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔اس سال 18 لاکھ 23 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی۔ ڈویژن میں 48 گندم خریداری سنٹر قائم کئے جارہے ہیں جن کیساتھ 1622 موضع جات منسلک کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری، چیئرمین فوڈ شیخ مظہر عباس اور، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔