نارووال،23 مارچ( اے پی پی ): یوم قرادداد پاکستان کےحوالے سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں سادہ اور مختصرتقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب کاآغازتلاوت قرآن مجید اور ہدیہ نعت شریف سےکیاگیا،8بج کر58منٹ پرسائرن بجایاگیا اورایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ ڈپٹی کمشنر صبااصغراور ڈی پی اوکامران ممتاز نے مہمانان گرامی کے ساتھ پرچم کشائی کرتے ہوئے قومی پرچم کو لہرایا۔اس موقع پرپولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر صبااصغرنے اپنے پیغام میں کہاکہ23مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے،اس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی جس کی بنیادپر مسلما نوں کے لیے “جُدا وطن پاکستان“کے حصول کیلئے تحریک شروع ہوئی اور بر صغیر پاک و ہند کے مسلما ن بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں سات بر س کے بعد اپنا مطالبہ منظور کروانے میں کا میاب ہوئے جس کی بدولت اللہ تعالی نے ہمیں آزادی کی دولت سے سرفرازکیا،لہذاآج کا دن تجدیدعہداور یوم وفاکادن ہے اور ہم سب نے مل کریہ عہدکرناہے کہ پیارے وطن عزیزکی ترقی وخوشحالی کے لیے مل جل کرکام کرناہے اوروطن عزیزکے خلاف ناپاک سازشوں کاقلع قمع کرناہے۔
ڈی پی او کامران ممتاز نے کہا کہ 23مارچ کا دن آزادی پاکستان کا اہم سنگ میل ہے،اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل و کر م سے اس قرار داد کے بعد کڑی جدوجہد کے نتیجہ میں ہمیں علیحدہ وطن پاکستان نصیب ہوا۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور شاعر مشرق علا مہ محمد اقبال کے افکار کے مطابق وطن عزیز کے استحکا م ترقی و خوشحا لی اور اور دنیائے عالم کے ترقی یا فتہ ممالک کی صف میں شامل ہو نے کیلئےتمام وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہو ئے اور ہر قسم کےتعصبات کو بند کمرے میں دفن کرکے خود کو ایک قوم کے سا نچے میں ڈھالیں اور محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے انفرادی و اجتماعی طور پر ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے کام کریں۔
رکن پنجاب اسمبلی مولانامحمد غیاث الدین ،راہنماپاکستان تحریک انصاف حافظ ذوالفقارمہیس اور چوہدری ندیم نثارایڈووکیٹ نے کہاکہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے,جواللہ تعالی نے ہمیں عطاکی ہے ،زندہ قومیں ہمیشہ آزادی کی قدرکرتی ہیں۔انہوں نے کہا آزادی جیسی دولت کی ہمیں قدرکرتے ہوئے آپس میں مذہبی،لسانی ودیگرباہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف وطن عزیزکی ترقی وخوشحالی کے لیے اپنی سوچوں کوپروان چڑھاناہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم اور پیارے آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی صدقے ہمیں یہ آزادی نصیب ہوئی،یہ قائداعظم رحمتہ اللہ علیہ کاقوم پراحسان ہے جس کاہم سب نے مل جل حق اداکرتے ہوئے قائدکےویژن اتحاد،ایمان اور یقین محکم کے تحت اپنے وطن عزیزکی خدمت کرکے ان کے خواب کوشرمندہ تعبیرکرناہے۔تقریب کے اختتام پریوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر کیک بھی کاٹاگیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
سورس:وی این ایس، نارووال