ضلعی انتظامیہ کی عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان بازار سجانے کی تیاریاں،ضلع بھر میں 11 رمضان بازار قائم کئے جائیں گے،عامر کریم

21

ملتان،25 مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان بازار سجانے کی تیاریاں کرلی ہیں اس سلسلے میں ضلع بھر میں 11 رمضان بازار قائم کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرکاری ریٹس پر مکمل عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رمضان المبارک کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے بریفننگ دی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹا،چینی سمیت درجن سے زائد اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دی جائے گی جبکہ رمضان بازاروں میں مثالی صفائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے مقدس ماہ میں عوامی ریلیف کیلئے سرگرم ہوں تاکہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کو آخری عشرے میں عید بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا اور عام مارکیٹ میں بھی مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔