ملتان؛موٹروے پر کمزور ٹائر اور بغیر فٹنس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا

32

ملتان،27 مارچ (اے پی پی): موٹروے سنٹرل 2 زون پر کمزور ٹائر اور بغیر فٹنس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تمام ٹال پلازہ جات پر گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور کمزور ٹائر والی اور اَن فِٹ گاڑیوں کو موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔

 آئی جی نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس انعام غنی کے ویژن کے مطابق، ڈی آئی جی/زونل کمانڈر فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر/ایس پی رانا محمد اسماعیل کی ہدایت پر ملتان سکھر موٹروے  پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی کمزور ٹائر اور بغیر فٹنس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور کمزور ٹائر والی گاڑیوں کو موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ بغیر فٹنس والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے اور فٹنس نا ہونے پر موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔

سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ کمزور ٹائر والی گاڑیوں کے ڈرائیور اپنے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کی زندگی بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمزور ٹائر والی گاڑیوں کا داخلہ موٹروے پر سختی سے منع ہے۔

ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر مسرور علی نے تمام بریفنگ آفیسران کو ہدایات دی کہ جس گاڑی کے کمزور ٹائر ہوں  یا فٹنس نا ہو اسے مکمل بریف کریں اور ہرگز موٹروے پر سفر کی اجازت نا دیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔

سورس: وی این ایس، ملتان