سکھر،08اپریل(اے پی پی): ایف آئی اے کے کرائم ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم احمد چاچڑ نے اپنے دفتر میں ایف آئی اے کے دیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی اے سکھر کی ٹیم نے انسپکٹر سنعیہ قریشی کی سربراہی میں گڈو کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے قومی خزانے کو چار ارب 37 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے والے چار جینکو افسران چیف انجینئر و ڈائریکٹر ٹیکنیکل آصف مجمود رضوی ،ڈپٹی منیجر میکنیکل اسد اللہ بابر ،منیجر میٹریل میجمنٹ مقصود احمد سومرو اور اسٹنٹ منیجر اکاؤنٹس عبدالقیوم چنہ کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو ملزمان چیف فناشنل مینیجر احسان کلوڑ اور محمد عاشر فرار ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ملزمان نے گیس ٹربائن میں ٹینڈر کے مطابق جرمن ساختہ کولنگ پیڈ لگانا تھے مگر انہوں نے اس کی جگہ پر پاکستانی ساختہ کولنگ پیڈ لگائے اور قیمت جرمن ساختہ کولنگ پیڈ کی وصول کرکے قومی خزانے کو چار ارب 37 کروڑ کا نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے اب تک کی تفتیش کے دوران ملزمان نے کئی اہم انکشافات بھی کیے ہیں جن کی بھی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں اور ہوسکتا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان صرف چار ارب 37 کروڑ تک محدود نہ ہو بلکہ اس سے زیادہ کا بھی انکشاف ہو ان کا کہنا تھا کہ فرار ملزمان کی بھی جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
سورس: وی این ایس،سکھر