کوئٹہ،23اپریل(اے پی پی):وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو بے حساب قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہے،بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکانِ پارلیمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق حکومت بننے کے دوہفتوں کے دوران ہی آپکی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک ملک ایک کنبے کی طرح ہوتا ہے. تمام صوبوں میں ترقی کی رفتار یکساں ہونی چاہئیے، جب پنجاب میں ہماری حکومت تھی تو ہم نے این ایف سی میں بلوچستان کیلئے 11 ارب پنجاب کے حصے میں سے دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے، بلوچستان کے لوگوں کی ملک کیلئے عظیم قربانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں یہ ملک محنت کرنے کیلئے دیا ہے،بلوچستان کی ترقی کیلئے مجھے آپکا سب کا تعاون بھی درکار ہے،ہم سب کو مل کر بلوچستان کی ترقی یقینی بنانی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مولانا اسد محمود، مولانا واسع، نوابزادہ شاہزین بگٹی، اسرار ترین، قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی، وزیرِ اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بازنجو صوبائی وزراء و ارکانِ صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس،











