سکھر،03مئی (اے پی پی ): پیپلز پارٹی کے رہنما و وفاقی وزیر براۓ آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے عید الفطر کی نماز سکھر میں ادا کی جس کیبعد وه اپنی رہائش گاہ پہنچے، شہریوں کی ایک بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی اور ان كو عید کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے حلقے کی عوام اور پوری قوم کو مبارک باد دی ۔
دوسری جانب ایک پیغام میں وفاقی وزیر براۓ آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے عید الفطر کے موقع پر اپنے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں غریب اور محروم طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے پسے ہوئے طبقات کی مدد اور داد رسی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہم بہت جلد ان کی فلاح و بہبود کیلئے اہم اقدامات اٹھاہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ رمضان کے متبرک ماہ کے صدقے اللہ تعالی مسلمانانِ پاکستان اور مسلمانانِ عالم کی عبادات اور دعاؤں کو قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی خوشیوں میں بھی برابر کے شریک ہیں اور ان کی آزادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔