اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پیر کو قومی اسمبلی میں بعض ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ القادر یونیورسٹی کو450 کنال زمین اور 50 کروڑ روپے عطیہ کئے گئے جس کے ٹرسٹی عمران خان اور انکی فیملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ (این سی اے) کی طرف سے بحریہ ٹائون کے مالک سے جرمانے کی مد میں وصول کردہ رقم پاکستان کے حوالے کی گئی تھی مگر سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ رقم بحریہ ٹائون کے مالک پر سپریم کورٹ کی طرف سے عائد کردہ جرمانے کی مد میں ایڈجسٹ کرائی، ہم اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور برطانیہ کے ساتھ بھی یہ معاملہ اٹھائیں گے، یہ صرف ایک واردات نہیں بلکہ گندم، چینی اور ادویات میں بھی ایسے وارداتیں کی گئی ہیں، ہم سابق وزیراعظم سے اس کی باز پرس کریں گے، ”یہ دال میں کالا نہیں پوری دال ہی کالی ہے”، حکمرانوں کو بلاشبہ ایسی روایات قائم کرنی چاہئیں جو اداروں اور آنے والی نسلوں کے لئے باعث تقلید ہوں۔