اسلام آباد،18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ عالمی معیشت میں مسلم ممالک کی شراکت داری بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام امن کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم دنیا کا عالمی معیشت میں حصہ 7 فیصد ہے،لیکن مسلم دنیا عالمی تصادم سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے،تصادم کے خلاف اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، معاشی ناہمواری،سیاسی عمل کا حصہ نہ بننا تصادم کی وجہ ہے، ہمیں تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،انتہا پسندی کا رویہ نفرت، تعصب کے رویے کو جنم دیتا ہے، آج امن کو زیادہ خطرہ سوشل میڈیا سے ہے۔انتہا پسندی کے پیغامات کو نشر کیا جارہا ہے، ایسے مراکز بنانے کی ضرورت ہے جہاں ملک، اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا کو قائم کرسکیں۔