چنیوٹ،18 مئی (اے پی پی ):تھانہ صدر پولیس چنیوٹ نے تہرے قتل کے ملزمان گرفتارکرلئے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل تھانہ صدر کے علاقہ ہرسہ شیخ میں دیرینہ دشمنی کی بناء پر ملزمان نے تین افراد شفقت،منظور،عمرداراز کو قتل کردیا تھا جبکہ یوسف زخمی ہوگیا تھا ۔افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی میں خود پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچا، جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور پولیس افسران کو ہدایات دیں،ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کو کارڈن کرکے موقع سے شواہد وغیرہ اکٹھے کئے، نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے میں نے ڈی ایس پی سرکل سٹی مظہر احمد گوندل کی زیرنگرانی پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔پولیس ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی،ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے۔الحمدللہ چند دنوں میں ہی تھانہ صدر پولیس تہرے قتل کیس کے قاتلوں کو ٹریس کرنے میں کامیا ب ہوگئی۔ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر بابر نواز،انچارج سی آئی اے نصراللہ خان اے ایس آئی و ہمراہی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزمان احمد شیر ولد فلکشیر قوم نیکوکارہ،شاہ زیب ولد شفقت قوم نیکوکارہ شامل ہیں۔ملزم احمد شیر سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔
ڈی پی او نے اچھی کارکردگی پرڈی ایس پی سٹی مظہر احمد گوندل، پولیس ٹیموں ایس ایچ او صدر انسپکٹر بابر نواز،انچارج سی آئی اے نصراللہ خان و ہمراہی ٹیموں کو شاباش دی،تعریفی سرٹیفکیٹس،انعامات دینے کا اعلان کیا ہے ۔