مصنوعی مہنگائی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفر کی ہدایت

3

ملتان، 18مئی (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کہاہے کہ مصنوعی مہنگائی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کے لئے ڈی سی کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے ۔عوام کو گرمی کی لہر سے بچانے کے لئے ہیٹ ویو سنٹرز اور کیمپس پرابتدائی طبی امداد کے مکمل انتظامات کئے جائیں اور عوام کو ہیٹ ویو سے بچنے کے لئے آگہی بھی فراہم کی جائے۔لمپی سکن بیماری سے جانوروں کو بچانے کے لئے ویکسی نیشن اور مانیٹرنگ کا عمل تیز کیاجائے۔

انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس لیہ کے کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹوسیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر لیہ، انتظامی افسران اور محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے دوران اجلاس سیکرٹری لائیوسٹاک کو مارکیٹ کا دورہ  کرکے  نرخوں کی پڑتال کرنے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے شجرکاری مہم کے سلسلہ میں سکولوں میں لگائے جانے والے پودوں بارے گزشتہ پانچ سال کے اعداد وشمار بھی طلب کرلیے۔انہوں  نے ڈپٹی کمشنر کو لیہ کے مستقبل کے حوالے سے ترقیاتی لائحہ عمل بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں جن ترقیاتی منصوبوں کے نظر ثانی شدہ تخمینے حکومت کو بھیجے گئے ہیں ان کے فنڈز جلد جاری کر دئے جائیں گے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد شہبازحسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں مقررہ نرخوں پر اشیاءکی فراہمی کے لئے 14ڈی سی کاونٹرز کام کررہے ہیں ،ضلع کی تینوں  تحصیلوں میں ریڑھی بازار بھی قائم کئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرمی کی لہر سے متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے 13ہیٹ ویو  سنٹرزاور 7کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں  بتایا گیا  کہ ضلع میں چینی اور آٹے کا کوئی بحران نہ ہے جبکہ گندم خریداری کا ٹارگٹ رواں ہفتہ حاصل کرلیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔

بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبہ پر  5ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے۔